ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 4 سے 6 فروری کو ہوگا مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی کی علمی و دعوتی اور دینی خدمات پر کل ہند سیمینار؛ تیاریاں زوروں پر جاری

بھٹکل میں 4 سے 6 فروری کو ہوگا مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی کی علمی و دعوتی اور دینی خدمات پر کل ہند سیمینار؛ تیاریاں زوروں پر جاری

Sat, 06 Jan 2018 20:56:40    S.O. News Service

بھٹکل 6/ جنوری (ایس او نیوز) اگلے ماہ یعنی  فروری 4, 5  اور 6  فروری کو بھٹکل جامعہ اسلامیہ میں سابق سرپرست جامعہ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و دعوتی اور دینی خدمات پر کل ہند سیمینار رکھا گیا ہے، جس کی تیاریاں زوروں پر جاری ہیں۔

اس تعلق سے گذشتہ روز ایک انتظامی جائزاتی نشست منعقد ہوئی جس میں بھٹکل و اطراف بھٹکل کے مختلف اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے سیمینار کو کامیاب بنانے کے تعلق سے اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔

سرپرست مجلس استقبالیہ و صدر جامعہ حضرت مولانا اقبال صاحب ملا ندوی کی صدارت میں ہونے والی اس نشست کا آغاز استاد جامعہ مولانا عبدالعلیم صاحب خطیب ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، صدر مجلس استقبالیہ و ناظم جامعہ ماسٹر شفیع صاحب شہ بندری نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کا استقبال کیا ، مہتمم جامعہ اسلامیہ مولانا مقبول صاحب کوبٹے ندوی نے اجلاس کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی، کنوینر سیمینار مولانا الیاس صاحب ندوی استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے عالمی رابطہ ادب اسلامی کے تعارف و مقاصد کو بیان کرنے کے ساتھ جامعہ میں ہونے والے سیمینار و پیام انسانیت کے پروگرام و اجلاس عام کی تفصیلات حاضرین کے سامنے رکھی۔

انہوں نے  بتایا کہ ان شاء اللہ ۴ /فروری  صبح گیارہ بجے جامعہ آباد کے احاطہ میں مینگلور سے کاروار تک کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیم یافتہ غیر مسلم بھائیوں کے ساتھ پیام انسانیت کا خصوصی اجلاس ہوگا، جس میں ان کے لیے ظہرانے کا بھی نظم ہوگا۔اس سیمینار کی افتتاحی نشست ان شاء اللہ ۴/ فروری بعد نماز مغرب ہوگی، جس میں بھٹکل و آس پاس کے عوام و خواص شرکت کریں گے۔

 اختتامی نشست ان شاء اللہ ۶ فروری ۲۰۱۸ ؁ء ظہر سے قبل منعقد ہوگی، جبکہ اسی دن بعد نماز عشاء مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے زیر اہتمام منعقدہونے والے کل ہند اسلامیات کے امتحانات کے تقسیم انعامات کا اجلاس عام بھی منعقد ہوگا۔ان تمام پروگراموں کی صدارت صدر عالمی رابطہ ادب اسلامی جانشین مفکر اسلام و سرپرست جامعہ و صدر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل حضرت مولانا سید محمد رابع صاحب حسنی ندوی دامت برکاتہم فرمائیں گے۔

مشاورتی نشست کے اختتام پر صدر تنظیم جناب قاضیا مزمل صاحب و صدر انجمن جناب جوکاکو عبدالرحیم صاحب کے علاوہ بھٹکل و اطراف کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران نے اس سیمینار اور اجلاس کے لیے اپنے بھر تعاون کا یقین دلایا۔ صدر و کنوینر سیمینار و مہتمم جامعہ و غیرھم نے حاضرین سے اس سیمینار کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤوں کے اہتمام کی درخواست کی۔

قبل مغرب صدر جامعہ و صدر اجلاس حضرت مولانا اقبال صاحب ملا ندوی کے دعائیہ کلمات پر نشست کا اختتام ہوا۔ 


Share: